بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نےان خبروں کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان کی اہلیہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ جس کے بعد امکان ظاہر کیا گیا کہ انہوں نے سیاست میں انٹری دے دی ہے۔
اس حوالے سے بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے واضح یا کہ بشریٰ بی بی نے کسی بھی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔
نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ ہونے کے ناطے، اپنے شوہر کی رہائی کے لیے اقدامات کرنے میں مصروف ہیں، لیکن وہ غیر سیاسی خاتون ہیں۔
مشال یوسفزئی نے یہ بھی بتایا کہ بشریٰ بی بی کی سیاسی انٹری سے متعلق خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس ہیں کہ پی ٹی آئی کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی نے 13 نومبر کو پارٹی قیادت کے ساتھ ایک میٹنگ کی، جہاں انہوں نے 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی پر بات چیت کی اور تیاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی بشریٰ بی بی کی سیاسی معاملات میں معاونت کر رہے ہیں، اور انہیں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی پارٹی قیادت کی حتمی منظوری کے لیے بھی پابند کیا گیا ہے۔