Aaj Logo

شائع 15 نومبر 2024 08:48am

چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاک بھارت آمنے سامنے، امریکا کا ردعمل آگیا

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے آمنے سامنے آنے کے بعد اس معاملے پر امریکا نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کھیلوں کی سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے، کھیل ملکوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔

بھارتی انکار کے باعث آئی سی سی ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کر پا رہی، چیمپئنز ٹرافی 2024 میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں منعقد ہونا تھے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈولڈ ہے، اس کے شیڈول کا اعلان آئی سی سی نے 11 نومبر کو لاہور میں کرنا تھا لیکن یہ تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔

اس تناظر میں واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل سے ایک صحافی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر سوال کیا کہ آپ کے خیال میں کیا سیاست کو کھیلوں سے ملانا درست ہے؟

جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کھیل یقینی طور پر ایک طاقتور اور مربوط قوت ہے، امریکا کھیلوں کی سفارتکاری کو ترجیح دیتا ہے، کھیل ملکوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہوتے ہیں، پبلک ڈپلومیسی نے کھیلوں کے رابطے کی ہمیشہ حمایت کی۔

ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات سے متعلق دونوں ملک خود بات کر سکتے ہیں کیونکہ پاک بھارت تعلقات پر ہمارے لئے درمیان میں آنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا، بھارتی میڈیا کا دعوٰی

پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا کہ 9 نومبر کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، علاقائی سلامتی پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

Read Comments