سکہیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں مجید بیریگیڈ کے رِنگ لیڈر سمیت چار دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 نومبر کی درمیانی رات دہشت گردوں کے خلاف بالگتار میں کارروائی کی، اس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو چار ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ہلاک ہونے والا دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو دہشت گردوں کا ریکروٹمنٹ ایجنٹ تھا۔
دہشت گرد ثنا عرف بارو نام نہاد مجید بریگیڈ کے لیے ضلع کیچ میں خود کش حملہ آوروں کی بھرتی کرتا تھا، ثنا عرف بارو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ثنا عرف بارو نے عدیلہ بلوچ کو کالعدم تنظیم میں شامل کیا اور اسے خودکش حملے کی تربیت دی تھی، ثنا کی ہلاکت عدیلہ بلوچ کے والدین کی معاونت سے ممکن ہو سکی ہے، عدیلہ بلوچ کے والدین نے سیکیورٹی فورسز کو اس بات کی اطلاع دی تھی کہ ان کی بیٹی کو دہشت گردوں نے اغوا کرلیا اور اسے دہشت گردی کی تربیت دی جا رہی ہے۔
تربت سے گرفتار خودکش بمبار خاتون عدیلہ بلوچ نے صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کئی اہم انکشافات کئے تھے۔