بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کے لیے ایک نئے مربوط سسٹم ePayment 2.0 متعارف کرایا ہے۔
اس سسٹم کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی کو یکجا کیا گیا ہے۔ ٹیکسوں کی ادائیگی کا نیا سسٹم IRIS 2.0 پورٹل کے اندر دستیاب ہے، جو حکومت پاکستان کے وژن کے تحت ٹیکس کے نظام کی جدید کاری کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
آسان استعمال
نئے سسٹم کے ذریعے صارفین کو انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم، اور موبائل بینکنگ کے ذریعے آسان آن لائن ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس حوالے سے ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ePayment 2.0 کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو ایک جامع اور بہتر یوزر فرینڈلی انٹرفیس فراہم کیا گیا ہے۔ ادائیگی مکمل ہونے پر، تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (سی پی آر) ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے جاری کی جائے گی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایک ہی مربوط انٹرفیس فراہم کرنے سے متعدد لاگ اِنز اور پلیٹ فارم تبدیل کرنے کی ضرورت ختم ہوگئی ہے۔ ایف بی آر زیادہ مؤثر اور ڈیجیٹلی ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔