جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کے قریب چینی باشندوں پر حملے میں ملوث دہشتگرد شاہ فہد کراچی میں تین دن تک کیا کرتا رہا، کراچی کب آیا، ہوٹل میں کمرہ کب کرایہ پر حاصل کیا، اس حوالے سے اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔
دہشتگرد شاہ فہد نے چار اکتوبر کو شام پانچ بجے ساتھی خاتون کے ساتھ حب ٹول پلازہ کراس کیا اور رات 10 بجکر 33 منٹ پر صدر کے ہوٹل میں کمرہ حاصل کیا۔
دہشتگرد پانچ اکتوبر صبح 10 بج کر 57 منٹ پر گاڑی میں ہوٹل سے نکلا، اس نے صدر میں سونی سینٹر کراس کیا اور صبح 11 بجکر 2 منٹ پر ایمپریس مارکیٹ سے ریمبو سینٹر پہنچا۔ دوپہر 2 بجکر 22 منٹ پر ڈی ایچ اے فیز ون کے سگنل پر پہنچا، یہاں سے دہشتگرد کو کورنگی سے اتحاد کمرشل پر جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دہشتگرد فہد نے شام سوا پانچ بجے پیٹرول پمپ کراس کیا اور ایئرپورٹ پہنچا، شام 6 بجکر 29 منٹ پر دہشتگرد شاہ فہد کو صدر زینب مارکیٹ میں دیکھا گیا، وہ شام 6 بجکر 31 منٹ پر واپس ہوٹل پہنچا۔
چھ اکتوبر کو دہشتگرد شاہ فہد دوپہر 12 بجکر 19 منٹ پر ہوٹل سے نکل گیا، وہ پیراڈائیز ہوٹل ایٹریم اور آواری ٹاور سے شاہراہ فیصل آیا۔ دہشتگرد اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس، باغ جناح اور دیگر جگہوں کے چکر لگاتا رہا اور شام 4 بجکر 20 منٹ پر اس نے شاہراہ فیصل فیاض سینٹر کراس کیا۔
دہشتگرد شاہ فہد کو سی سی ٹی وی میں بہادرآباد حرمین شریفین ہوٹل کے باہر بھی دیکھا جاسکتا ہے، شاہ فہد رات ساڑھے نو بجے ائیرپورٹ پر پہنچ گیا تھا، اس کا ایک ساتھی پیدل ائیرپورٹ میں داخل ہوا، پینٹ شرٹ پہنے یہ دہشتگرد بھی اوپر کھڑا دیکھا گیا۔
چینی قافلہ نکلتے ہی اس دہشتگرد نے فون پر شاہ فہد کو اطلاع دی، قافلہ جیسے ہی قریب پہنچا شاہ فہد نے خودکش دھماکا کردیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دھماکا ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دہشتگرد بارود سے بھری گاڑی لیے شہر میں گھومتا رہا، لیکن اسنیپ چیکنگ پر کھڑی پولیس نے اسے کہیں نہ روکا، جوکہ سنگین غفلت ہے۔