Aaj Logo

شائع 12 نومبر 2024 02:01pm

توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چوہدری نے ایک بار پھر معافی مانگ لی

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں ایک بار پھر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

فواد چوہدری نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن سے معافی مانگتے ہوئے تحریری معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا۔

بعد ازاں، الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔

کیس کا پس منظر

اگست 2022 میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔

20 جون کو عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیسز سماعت کے لیے مقرر ہوئے تھے۔

3 جنوری کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔

Read Comments