Aaj Logo

شائع 12 نومبر 2024 12:12pm

مایہ ناز پاکستانی اسپنر آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ لے اڑے

پاکستان کے مایہ ناز اسپنر نعمان علی کو اکتوبر کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ٹیم کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی منتھ قرار دیا۔

گزشتہ ہفتے آئی سی سی نے اکتوبر کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی مردوں کی کیٹیگری میں جن کھلاڑیوں کو نامزد کیا تھا ان میں پاکستانی اسپنر نعمان علی، جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر شامل تھے۔

نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور آخری 2 ٹیسٹ میچز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کی بنا پر انہیں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ منتخب کیا گیا جبکہ ووٹنگ کے ذریعے فاتح کھلاڑی کا اعلان کیا گیا۔

اس حوالے سے نعمان علی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ایک اعزاز ہے، تاریخی پرفارمنس کے لیے سپورٹ کرنے پر ٹیم کے ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ نعمان علی کو پہلی بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا تھا جب کہ وہ پہلی بار آئی سی سی ٹیسٹ باؤلر رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے تھے، وہ ابھی بھی نویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 147 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں جب کہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 130 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا تو ایسے میں نعمان علی انگلش بیٹرز کے لیے چینلج بن گئے، انہوں نے دوسری اننگز میں کیریئر بیسٹ 8 وکٹیں حاصل کیں، جس سے قومی ٹیم کو 2021 کے بعد ہوم گراؤنڈ میں جیت نصیب ہوئی۔

صرف باؤلنگ ہی نہیں بلکہ نعمان علی نے بیٹنگ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، خاص طور پر تیسرے ٹیسٹ میں سعود شکیل کے ساتھ ان کی شراکت اور 45 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان کو 77 رنز کی برتری حاصل ہوئی جس سے قومی ٹیم نے میچ اور سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کون ہیں؟

سندھ کے علاقے سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے 38سالہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 11وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 3 جبکہ دوسری اننگز میں 8وکٹیں حاصل کیں۔

38سالہ نعمان علی کا تعلق سندھ کے علاقے سانگھڑ سے ہے، باقی نوعمر کھلاڑیوں کی طرح انہوں نے بھی کرکٹ کا آغاز ٹیپ بال کرکٹ سے کیا، 13سال کی عمر میں ان کے والد کی ملازمت کے سلسلے میں فیملی حیدرآباد منتقل ہوگئی جہاں انہوں نے فضل الرحمان کرکٹ کلب کو جوائن کیا۔

کلب کرکٹ سے شروع ہونے والا سلسلہ پھر کہیں نا رکا اور پھر مختلف ٹیموں کی طرف سے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں حیدر آباد کی طرف سے کھیلنا شروع کیا اور پھر کارکردگی کے باعث پی ایس ایل اور قومی ٹیم تک پہنچ گئے۔

نعمان علی پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی نمائندگی کرچکے ہیں، انہوں نے 26جنوری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا۔ نعمان علی 16ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور اب تک 58وکٹیں حاصل کی ہیں۔

نعمان علی کو کرکٹ کا شوق اپنے ماموں رضوان احمد کو دیکھ کر ہوا جنہوں نے ایک ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ نعمان علی ٹیپ بال میں تیز بولنگ کیا کرتے تھے لیکن ماموں کے کہنے پر اسپن بولنگ شروع کی۔

نعمان علی فرسٹ کلاس کرکٹ میں حیدر آباد کے آرایل اور ناردن کی ٹیموں کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ یو بی ایل کی طرف سے گریڈ ٹو کرکٹ کھیلے ہیں۔

نعمان علی نے اس کے علاوہ 24جولائی 2023 میں کولمبو میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سری لنکا کے خلاف 7وکٹیں حاصل کی تھیں، اس کے علاوہ زمبابوے کے خلاف بھی ایک اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ تاہم، انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ڈیبومیچ میں 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

نیوزی لینڈ کی امیلیا کیر خواتین کیٹیگری میں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ منتخب

دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کی آل راؤنڈر ڈی اینڈرا، نیوزی لینڈ کی امیلیا کیر اور جنوبی افریقا کی لارا وولوارٹ شامل تھیں۔

آئی سی سی کی جانب سے نیوزی لینڈ کی امیلیا کیر کو خواتین کیٹیگری میں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ منتخب کیا گیا ہے۔ امیلیا کو ٹی20 ورلڈ کپ میں 135 رنز بنانے اور 15 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

Read Comments