Aaj Logo

شائع 12 نومبر 2024 11:58am

چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کیوں نہیں آرہے؟ مداح کے سوال پر سوریا کمار نے کیا جواب دیا؟

دورہ جنوبی افریقا کے دوران کرکٹ فین کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بھارتی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

بھارت نے آئندہ برس فروری میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستانی حکومت بھارت کے نہ آنے پر اس سے میچز کے بائیکاٹ کا کہہ چکی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ایسے میں ایک پاکستانی فین نے بھارتی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو (جو ان دنوں جنوبی افریقا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہے ہیں) سے چیپمئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ پوچھ لی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سوریا کمار یادیو ساتھی کرکٹر رنکو سنگھ کے ہمراہ بظاہر ایک گیمنگ زون میں کھڑے نظر آرہے ہیں۔

بھارتی کرکٹرز کو دیکھ کر وہاں موجود فینز اکھٹا ہوگئے، ایسے میں ایک پاکستانی فین نے سوریا کمار یادیو سے سوال کیا کہ آپ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کیوں نہیں آرہے؟ جس پر بھارتی کپتان نے جواب دیاکہ ’ یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے’۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی پر پاک بھارت تنازع حل نہ ہوا تو مالی نقصان آئی سی سی کا بھی ہوگا۔بھارتی رویےکے خلاف پاکستانی پالیسی موجودہ سائیکل میں آئی سی سی کی آمدن پر اثر انداز ہوگی۔

بھارت کو 2024 سے 2031 تک آئی سی سی کے 4 ایونٹس کی میزبانی کرنا ہے۔پاکستانی حکومت کی ٹیم بھارت نہ بھیجنےکی پالیسی ان ایونٹس میں پاکستان کی شرکت ناممکن بناسکتی ہے۔حکومت پاکستان کی موجودہ پوزیشن کے بعد آئی سی سی میں بھی ہلچل ہے۔

بھارت کو اگلے سال ویمن ورلڈکپ، 2026 میں ٹی 20 ورلڈکپ، 2029 میں چیمپئنز ٹرافی اور 2031 میں ورلڈکپ کی میزبانی کرنا ہے، پاکستان کا ان ایونٹس سے دستبردار ہونا آئی سی سی کے براڈکاسٹ ریونیو پر اثر انداز ہوگا۔

Read Comments