Aaj Logo

شائع 10 نومبر 2024 05:10pm

جسے اللہ رکھے اُسے کون چکھے، سمندر میں گرنے والا شخص 20 گھنٹے بعد بچالیا گیا

ویتنام کا ایک باشندہ مال بردار بحری جہاز سے سمندر میں گرنے کے 20 گھنٹے بعد بچالیا گیا۔ مسلسل بیس گھنٹے تیرنے والا یہ شخص تھکن سے چُور تھا۔ ریسکیو ٹیم کو وہ ایک ماہی گیر کشتی سے ملا۔

یہ شخص آسٹریلیا کے ساحل سے آٹھ کلومیٹر دور سمندر میں گرا تھا۔ اس کا والیٹ، شناختی کارڈ اور سگریٹ وغیرہ اُس کے جسم سے بندھے ہوئے تھے۔ وہ ڈبل ڈیلائٹ نامی مال بردار جہاز کے عملے کا رکن تھا۔ جمعرات کی شام وہ نیو کیسل کے نزدیک سمندر میں گرا۔ جمعہ کی دوپہر اُسے ایک ماہی گیر نے اپنی کشتی پر سوار کرلیا۔ خوش قسمتی سے کشتی پر ایک ڈاکٹر تھا جس نے اُسے طبی امداد فراہم کی۔

ڈاکٹر نے نائن نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ یہ شخص تھکن سے چُور تھا۔ جسم سرد پڑنے لگا تھا۔ نبض رُک رُک کر چل رہی تھی۔ کوسٹ گارڈز کا محکمہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ وہ حادثاتی طور پر سمندر میں گرا تھا یا جان بوجھ کر۔ اس شخص کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے بھی مدد لی گئی۔

Read Comments