Aaj Logo

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2024 09:35pm

حارث رؤف نے آسٹریلیا کیخلاف میچ میں بڑے ریکارڈ توڑ ڈالے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم سنگ میل اپنے نام کرلیا اور بڑے بڑے ریکارڈ توڑ ڈالے۔

حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، اس کارکردگی کے ساتھ حارث نے ون ڈے کیرئیر میں اہم سنگ میل اپنے نام کرلیا۔

لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام سے ابھرنے والے حارث رؤف نے 30 اکتوبر 2020 کو ون ڈے ڈیبیو کیا جس کے بعد سے حارث نے 39 میچز میں 77 وکٹیں حاصل کی ہیں جو کہ اس عرصے (حارث کے ڈیبیو سے اب تک) میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

اس دوران صرف عمان کے بلال خان 83 وکٹوں کے ساتھ حارث سے آگے ہیں اور عمان آئی سی سی میں ایسوسی ایٹ ممبر ٹیم ہے۔

دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر8 سال بعد پاکستان سے شکست

حارث کی یہ پاکستان کے کسی بھی بولر کے کیرئیر کے ابتدائی 39 میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں بھی ہیں، آج ایڈیلیڈ میں 5 وکٹ لے کر انہوں نے اسپنر ثقلین مشتاق اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا جو اپنے ابتدائی 39 میچوں میں 76 ، 76 وکٹیں حاصل کرچکے تھے۔

دنیا کے دیگر فاسٹ بولرز میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 39 میچز میں 79 وکٹیں حاصل کی ہیں اور عمان کے بلال خان کی 83 وکٹیں بھی 39 میچز میں ہیں۔

نیپالی اسپنر سندیپ لمیچانے نے ابتدائی 39 ون ڈے میں 93 اور افغانستان کے راشد خان نے 90 جب کہ بھارت کے کلدیپ یادیو نے 77 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Read Comments