آئندہ برس پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے اپنے میچز دبئی میں کھیلنا چاہتا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کرانے کی بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید کی تھی۔
آسٹریلیا کیخلاف میچ میں محمد رضوان نے ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا
پی سی بی ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنزٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوگی۔ بائبرڈ ماڈل کسی بھی صورت قبول نہیں اور ایسی کوئی تجویز بھی زیر غور نہیں ہوئی ہے۔
پی سی بی ذرائع نے واضح کیا تھا کہ پورا ایونٹ پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا، چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آئی سی سی کا وفد 10 نومبر کو لاہور آئے گا جس میں ایونٹ کے شیڈول کا اعلان بھی متوقع ہے۔
ادھر لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی میڈیا سے گفتگو ہوئی جس دوران انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی جیت پر کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے، یہ ٹیم آنے والے دنوں میں آپ کو مزید خوشیاں دے گی۔
ادھر بھارتی میڈیا کی جانب سے انڈین کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے اعلان پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا دو مہینوں سے کہہ رہا ہے کہ نہیں آرہے، بھارتی بورڈ نے ابھی تک پی سی بی کو اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔
چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے ابھی تک نہیں بتایا گیا، ہم چاہتے ہیں کرکٹ سیاست سے علیحدہ ہو، چیمپئنزٹرافی کےلیے تیاریاں اسی طرح جاری رہےگی
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بی سی سی آئی کو اعتراض ہے تو باضابطہ آگاہ کریں، اگر کچھ ایسا ہوتا ہے تو حکومت سے مشورہ کریں گے۔
لاہور میں پریس کرتے ہوئے چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ حکومت جو فیصلہ کرے گی مجھےعمل کرنا ہوگا، پاکستان ہر بار بھارت سے مثبت رویہ رکھتا ہے اب امید نہ رکھے۔
محسن نقوی نے کہا بھارتی بورڈ اپنے اعتراضات تحریری طور پر دیں، ہرملک کی خواہش ہےکہ چیمپئنزٹرافی پاکستان میں ہو۔