**الجزائر کی باکسر ایمانی خلیف میڈیکل رپورٹ لیک ہونے کے خلاف میدان میں آگئیں اور بڑا ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا۔
واضح رہے دو روز قبل الجیریا کی معروف خاتون باکسر ایمان خلیف کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آئی جس نے سوشل میڈیا کو حیرانگی میں مبتلا کر دیا تھا۔
میڈیکل رپورٹ میں 25 سالہ خاتون باکسر کے مرد ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے تصدیق کی ہے کہ ایمان خلیف فرانس میں میڈیکل رپورٹس کو مبینہ طور پر شائع کرنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہی ہیں۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اعلان کیا کہ پیرس اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایمان خلیف آن لائن بدسلوکی، ہراساں کرنے اور میڈیکل رپورٹ کو لیک کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہیں۔
ایمان خلیف نے 6 نومبر 2024 کو گیمز کے دوران رواں ہفتے فرانسیسی میڈیا آؤٹ لیٹس کی جانب سے ان کی نجی رپورٹ غیر مجاز اشاعت سے نمٹنے کے لیے ایک مقدمہ دائر کیا۔ اس اقدام کا مقصد ایمان خلیف کے حقوق اور رازداری کا تحفظ کرنا ہے۔
اولمپک کمیٹی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ الجیریا کی باکسر خلیف کئی سالوں سے خواتین کی باکسنگ ایونٹس میں حصہ لے رہی ہیں۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے واضح کیا کہ تمام باکسرز بشمول ایمان خلیف نے منتظمین کی جانب سے مقرر کردہ ضروری اہلیت اور طبی تقاضوں کو پورا کیا۔ آئی او سی کے مطابق، باکسنگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ہر کھلاڑی نے مقابلے کے قواعد و ضوابط کی تعمیل کی، اور پیرس 2024 باکسنگ یونٹ کے نافذ کردہ طبی معیارات کو بھی مطمئن کیا، جس سے ان کی مقابلہ کرنے کی اہلیت کی تصدیق ہوئی۔