لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے طلبہ کی جانب سے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا گیا۔
اس سے قبل انسانی پرچم بنانے کا ریکارڈ انڈیا کے پاس تھا جس میں بھارت کے 7368 طلبہ نے رواں برس انسانی پرچم بنا کر گنیز ورلڈ بک میں نام درج کروایا تھا۔
تاہم پاکستانی انسانی پرچم کو بنانے میں 10 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا، پاکستانی طلبہ نے بڑے مارجن سے بھارتی ریکارڈ توڑا ہے۔
نیا عالمی ریکارڈ حکومت پنجاب کی جانب سے منعقد کیے گئے لاہور یوتھ فیسٹول میں بنایا گیا، منفرد ریکارڈ قائم کرنے کے بعد طلبہ نے خوب جشن منایا اور ملی نغموں کی دھنوں پر جھومتے رہے۔
لاہور یوتھ فیسٹیول کے باقی فائنل مقابلے 8 سے 10 نومبر تک فورٹریس اسٹیڈیم لاہور کینٹ میں منعقد کیے جائیں گے، 8 اور 10 نومبر کو بالترتیب رنگا رنگ افتتاحی اور اختتامی تقریبات کا شاندار انعقاد بھی کیا جائے گا۔