Aaj Logo

شائع 06 نومبر 2024 08:18pm

ہمارے ایم این اے خواجہ شیراز کو کل رات نقاب پوشوں نے اغوا کرلیا، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہمارے ایم این اے خواجہ شیراز کو کل رات نقاب پوش اغوا کر کے لے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ خواجہ شیراز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ہیں، گزشتہ شب نقاب پوش افراد خواجہ شیراز کے گھر میں داخل ہوئے اور انہیں اغوا کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ خواجہ شیراز کی فیملی کہہ رہی ہے کہ انہیں اسلام آباد لایا گیا ہے، حاجی امتیاز کے گھر بھی ایسے ہی دھاوا بولا گیا تھا۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے آرڈر کیا تھا آئندہ کسی کو بھی گھر سے اٹھایا نہیں جائے گا، یہ بات میں نے وزیرِ اعظم کے بھی گوش گزار کی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز کو اسمبلی کے اندر سے اٹھایا گیا، اس کے بعد کمیٹی بنی جس کا مقصد پارلیمنٹیرینز کا تحفظ تھا، ہم نے خصوصی کمیٹی میں یہ کہا تھا کہ آپ پارلیمنٹیرینز کو تحفظ فراہم کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج تک وہ ظلم اور لاقانونیت ختم نہیں ہوئی، ان حالات میں بھی لوگ باہر نہ نکلیں، احتجاج نہ کریں تو پھر کیا کریں؟

Read Comments