کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا ہے جو کہ ریٹائر سکیورٹی افسر (میجر) بتایا جارہا ہے، تاہم پولیس نے اس کی تردید کی ہے۔
کلفٹن تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو توحید کمرشل ایریا 26 اسٹریٹ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 43 سالہ محمد سعید ولد اللہ بخش جاں بحق ہوگیا، مقتول نجی سیکیورٹی کمپنی میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کرتا تھا۔ فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔
ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، مقتول محمد سعید اپنے ساتھی ملازم کے ہمراہ موٹرسائیکل پر بینک سے پانچ لاکھ روپے کی رقم نکلواکر جا رہا تھا اور بینک کے قریب ہی پان کی دکان پر رکا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈکیت موقع پر پہنچ گئے اوررقم چھینے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں محمد سعید شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی خوش قسمتی سے محفوظ رہا، شدید زخمی محمد سعید کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ واردات کے دوران مقتول محمد سعید کے پاس موجود پانچ لاکھ روپے کی رقم لٹنے سے بچ گئی، عینی شاہدین کے مطابق گارڈ اور مسلح ڈکیت کافی دیر تک لڑتے رہے، شہری گولیاں لگنے سے نیچے گرا تو مسلح ملزمان فرار ہوئے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے مبینہ ریٹائرڈ سیکیورٹی آفیسر کے قتل پر ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں اور متعلقہ ایس ایچ او کا جرائم کے خلاف کارکردگی کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ کرائم سین کی مدد سے ملزمان تک جلد رسائی اور ان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔