بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے 8 ارب 71 کروڑ روپے کی وصولیوں کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین پر 8 ارب 71 کروڑ روپے کے مزید بوجھ ڈالے جانے کی تیاری کرلی گئی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے وصولیوں کے لیے نیپرا میں درخواست کردی۔
درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی۔
پہلی سہہ ماہی کے لیے کیپسٹی چارجز کی مد میں 8 ارب 6 کروڑ، ڈسکوز کی آپریشنز اور مینٹیننس کی مد میں 1 ارب 25 کروڑ روپے جبکہ سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس کی مد میں 1 ارب 65 کروڑ روپے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) دستاویز کے مطابق بجلی ترسیلی و تقسیمی نقصانات کی مد میں سوا 2 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
اتھارٹی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر 20 نومبر کو سماعت کرے گی، سماعت کے بعد منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔