آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، ان میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
محمد رضوان پہلی بار ون ڈے میں پاکستان کی قیادت کریں گے جبکہ بلے باز محمد عرفان خان انٹرنیشنل ڈیبیو کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 4 نومبر کو میلبرن کھیلا جائے گا جبکہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے شروع ہوگا۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میلبرن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر آگے بڑھنا ہے، سلیکشن کمیٹی کے ممبر کے یہاں ہونے سے میں خوش ہوں۔
محمد رضوان نے کہا کہ پلیئنگ الیون میں میری بھی مشاورت ہو گی لیکن باقی لوگوں کی ان پٹ ہونا اچھی چیز ہے، میں مشاورت کے ساتھ چلنے والوں میں سے ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کے بھی مشورے لیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم، شاہین اور نسیم کی پاکستان کے لیے بہت پرفارمنس رہی ہیں، آج بابر اور شاہین کا نام اپنی پرفارمنس کی وجہ سے ہی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھلاڑیوں پر برا وقت آتا ہے، وہ بھی اسی چیز سے گزر رہے ہیں، بابر اعظم اور شاہین اس چیز کو سمجھتے ہیں، میں بھی انہیں جتنا سپورٹ ہوسکا کروں گا۔
انہوں نے کہ فخر اور امام کی بہت پرفارمنس ہے، فخر اوپر سے تیزی سے رنز کرتے تھے، اس کے رنز سے بہت فرق پڑتا رہا ہے، ابھی جو نوجوان کھلاڑی آئے ہیں ان کے پاس بھی موقع ہے، پاکستان نے دنیا کی کرکٹ کو فالو نہیں کرنا، ہم نے اپنے ریسورسز کو دیکھنا ہے، ہمارے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، جو پلیئر بہتر ہو گا وہی ٹیم کا حصہ ہو گا، میرے لیے سب کپتان ہیں، اگر انہیں لگتا کہ ان کے پاس کچھ اچھا ہے تو وہ شیئر کر سکتے ہیں
محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر فینز تھوڑا ناراض ضرور ہیں، ہمیں دنیا بھر میں پاکستانی فینز سپورٹ کرتے ہیں، اب انہیں مایوس نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر میلبرن پہنچ چکی ہے جہاں وہ 3 ایک روزہ میچز اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
4 نومبر کو پاکستان آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا ایک روزہ میچ میلبرن میں کھیلے گی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اور تیسرا ایک روزہ میچ 10 نومبر کو پرتھ میں شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے آسٹریلین سرزمین پر اب تک 56 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں جن میں 17 میچ جیتے ہیں جبکہ 37 میں شکست ہوئی ہے۔
پاکستان نے آخری دفعہ ون ڈے سیریز 2017 میں کھیلی تھی جب پاکستان نے آخری دفعہ محمد حفیظ کی قیادت میں میلبرن میں فتح حاصل کی تھی۔