Aaj Logo

شائع 02 نومبر 2024 09:55pm

کوئٹہ: پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ، چار نوجوان بازیاب

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بروری پولیس تھانے کے عملے نے پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ مار کر چار نوجوانوں کو بازیاب کرالیا۔ چھاپے کے دوران نجی سیل میں موجود تین ملزمان بھی گرفتار ہوئے جن سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

نجی سیل کے ایک کمرے سے بازیاب 4 نوجوان لڑکوں نے بتایا کہ انہیں چوری کے چھوٹے مقدمے میں پکڑ کر اس گھر میں قید کیا گیا تھا۔

بازیاب نوجوانوں نے پولیس کو دئے گئے بیان میں کہا کہ ثناءاللہ نامی پولیس اہلکار نے ہمیں تھانے کے بجائے یہاں منتقل کیا اور جھوٹے مقدمے میں ہمیں اعتراف یا پیسے دینے کے لئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔۔

نوجوانوں نے کہا کہ دوران قید ہم سے بدفعلی کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

واقعے کی درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے چاروں نوجوانوں کو گزشتہ 3 دن سے بند کر رکھا تھا، پولیس اہلکار نوجوان لڑکوں کو تھانے کے بجائے نجی سیل منتقل کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھے ملزم پولیس اہلکار کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں، پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

Read Comments