Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 نومبر 2024 09:45pm

’مشاورت ہوگئی کیسے نکلنا اور ملک بند کرنا ہے‘، گنڈاپور نے احتجاج کی فائنل کال دینے کی تاریخ دیدی

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ احتجاج کی فائنل کال صوابی میں دی جائے گی۔

ہفتہ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر پابندی عائد کی گئی تھی، دوبارہ ایساکیا گیا تو ہماراپلان تیار ہے۔

پی ٹی آئی کا 8 نومبر کو پشاور میں جلسہ منسوخ

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب ہمیں موجودہ حکومت سے جان چھڑانی ہوگی، ملک میں آئین توڑا گیا، ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہے، فارم 47 کی حکومت سے ہمیں چھٹکارا حاصل کرنا ہے، اب ہم سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مارا جاتا ہے، ہمارے ورکرز کو گرفتارکرلیا جاتا ہے، ایک کیس میں رہائی ہے دوسرے میں گرفتاری ہوجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 نومبر کو صوابی انٹرچینج پر جمع ہو رہے ہیں، صوابی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،فائنل کال صوابی میں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کا 8 نومبر کو پشاور میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا گیا ہے، اس جلسے کے بجائے صوابی میں ٹینٹ ویلج کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گھر پر بتاکر نکلنا کہ واپس نہ آئیں تو جنازہ پڑھا دیں،اب ہم حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکیں گے، پرامن رہ کرہم نے بہت مار کھالی، 8 نومبر کو پشاور میں جلسے کے بجائے 9 نومبرکو صوابی میں جمع ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام فیصلہ سازوں کو وارننگ دے رہے ہیں، ہمارا مقصد ملک میں حقیقی آزادی ہے، ہم نے اپنا مینڈیٹ واپس لینا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی میں کوئی کردار ادا کروں گا تو خود بتاؤں گا، میں کسی سے نہیں ڈرتا، سب کو پتا ہے کس نے کیا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ جیل میں ہے، مجھ اکیلے شخص پر 8 اضلاع میں توڑ پھوڑ کے مقدمے ہیں، مجھ پر ایک گھنٹے میں 8 جگہ توڑ پھوڑ کے مقدمات درج کیے گئے۔

کوشش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے انڈراسٹینڈنگ ہو، بیرسٹر سیف

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب تک آئین کو توڑنے والے کو سزائے موت نہیں ملے گی آئین ٹوٹتا رہے گا، قانون توڑنے والے کو سزا نہیں ہوگی تو قانون توڑا جاتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے رکاوٹوں کے باوجود ڈی چوک پہنچ کر دکھایا، ہم پر حملہ کیا گیا، گرفتاریاں کی گئیں، ہمارے تازہ دم دستے پھر آئیں گے، یہ ہمیں کاؤنٹر کرنے کیلئے پلان بنائیں گے تو ہم بھی بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا موبائل فون لیا گیا، گاڑی توڑ دی گئی، میرا موبائل جس کے پاس ہے وہ بتادے بخش دوں گا، گورنر راج اور جیلیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔

Read Comments