Aaj Logo

شائع 01 نومبر 2024 07:00pm

ایک پاؤ آلو چرائے جانے پر پولیس بلوالی

’بیوڑا‘ کچھ بھی کرسکتا ہے۔ انسان نے حد سے زیادہ پی رکھی ہو اور دماغ پر چڑھ گئی ہو تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ کچھ ایسا ہی بھارت میں دیوالی کے موقع پر ہوا جب ایک شخص نے فُل ٹُن ہونے کے بعد صرف ایک پاؤ آلو کی چوری پر پولیس بُلوالی۔

دیوالی کی شام بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں پولیس کو ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی۔ پولیس جب بتائے ہوئے پتے پر پہنچی تو وہاں وجے ورما نامی شخص کو خاصی خراب حالت میں پایا۔

وجے ورما نے پولیس کو ایک پاؤ آلو کی چوری کی رپورٹ لکھوائی تب پتا چلا کہ وہ نشے میں دُھت ہے۔ جب پولیس نے پوچھ گچھ کی تو وجے ورما اصرار کرتا رہا کہ تحقیقات کی جائے کہ آلو گئے کہاں۔

اُس نے بتایا کہ تھوڑی بہت ڈرنکنگ کے بعد وہ آلو پکانا چاہتا تھا مگر جب گھر واپس آیا تو آلو غائب تھے۔

صورتِ حال اتنی بھونڈی اور بے ڈھنگی تھی کہ پولیس نے وجے ورما سے گفتگو کو ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا اور اب یہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

وجے ورما نے شراب نوشی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت محنت کرتے ہیں اس لیے تھوڑی بہت پینے کا حق تو حاصل ہے مگر سوال شراب کا نہیں ہے بلکہ یہ ہے کہ آلو آخر گئے کہاں۔

سوشل میڈیا پر جس کسی نے بھی یہ ویڈیو دیکھی وہ تبصرہ تو کیا کرتا، صرف قہقہہ لگاکر رہ گیا۔

Read Comments