ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فوجی حکام کو اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا۔
امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس حکام نے ایران کی جانب سے ایک اور حملے کی تیاریوں کا پتا لگا لیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں ایرانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تہران کا ردعمل اس وقت تک نہیں آئے گا جب تک پانچ نومبر کو ہونے والے انتخابات نہ ہوجائیں، حالانکہ دیگر خبر رساں اداروں نے ایران کا ردعمل ووٹنگ سے پہلے آنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر نے کہا کہ اسرائیل کو ایران پر حملوں کا ایسا سخت جواب دیا جائے گا کہ اسے پچھتانا پڑے گا، دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد ایران میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانا ممکن ہے۔
نئے اسرائیلی فوجیوں سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا آج ہم ایران میں کسی بھی جگہ ضرورت پڑنے پر پہنچ سکتے ہیں۔ ہمارا ہدف ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔