صدرِ مملکت آصف علی زرداری دبئی میں حادثے کا شکار ہوگئے ہیں۔
ایوان صدر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ رات دبئی ائیرپورٹ پہنچنے پر جہازسے اترتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زردای کا پاؤں فریکچر ہوگیا۔
ترجامن نے بتایا کہ صدر آصف زرداری کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا،ڈاکٹرز نے چیک اپ کے بعد ہسپتال میں صدر زرداری کے پاؤں پر پلاستر کردیا۔ ترجمان کے مطابق صدر آصف زرداری کے پاؤں پر 4 ہفتوں کے لئے پلاسترکیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری کو گھر منتقل کردیا گیا ہے اور انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فونک رابطہ کرکے صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور صدر مملکت کے پاؤں میں فریکچر پر ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم نے صدر مملکت کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے بلاول سے صدر زرداری سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں۔