دورہ پاکستان کے دوران انگلش ٹیسٹ ٹیم کپتان بین اسٹوکس کے گھر چوری ہوگئی، نقاب پوش افراد قیمتی سامان چرا کر لے گئے۔
رپورٹ کے مطابق چوری کی واردات بین اسٹوکس کے ڈرہم کاؤنٹی میں واقع گھر میں ہوئی۔
اس حوالے سے بین اسٹوکس نے اپیل کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹ اپلوڈ کی۔
بین اسٹوکس کا سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ 17 اکتوبر کی شام ماسک پہنے چند لوگوں نے میرے گھر پر چوری کرنے آئے۔ وہ زیورات قیمتی اشیاء اور ذاتی استعمال کی اچھی خاصی چیزیں ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔
انگلش ٹیسٹ کے کپتان کا کہنا تھا کہ میں اس خوفناک فعل کے ذمہ دار ملزمان کو تلاش کرنے کے لیے مدد طلب کر رہا ہوں۔ سب سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ چوری کے دوران میری اہلیہ اور دو چھوٹے بچے گھر پر تھے، لیکن شکر ہے کہ انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم اس واردات کی وجہ سے ان پر ذہنی طور پر اثر پڑا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں چوری ہونے والی چند اشیاء کی چیزیں بھی ریلیز کر رہا ہوں۔ ریلیز کرنے کا مقصد صرف ان لوگوں کو گرفتار کروانا ہئ اگر آپ کے پاس کوئی معلومات ہیں تو ڈرہم کانسٹیبلری سے رابطہ کریں۔
بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ میں پولیس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جب واردات ہوئی تو میں پاکستان میں تھا، پولیس نے میرے اہلِ خانہ کی بھرپور مدد کی۔