Aaj Logo

شائع 31 اکتوبر 2024 09:14am

مُردوں کو لگانے والا کیمیکل دودھ میں، ڈرامے نے بحث چھیڑ دی

آج انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ دی جرنلسٹ کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں دودھ میں کیمیکل ملائے جانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

ویڈیو کلپ میں ایک ڈاکٹر یہ کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ”کیمیکل اس لیے استعمال کیا گیا تاکہ دودھ سپلائی تک خراب نہ ہو“۔ اس کلپ میں ایک مکالمہ سننے کو ملتا ہے کہ ”یہ کیمیکل اصل میں مُردوں کے جسم پر لگایا جاتا ہے تاکہ دفنانے تک باڈی کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے“۔ ڈاکٹر مزید کہتی ہیں کہ وہ اس مسئلے پر ایک مکمل رپورٹ تیار کرکے متعلقہ حکام کو بھیجیں گی تاکہ اس معاملے کی تفتیش کی جا سکے۔

اس کلپ کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے ملا جلا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بہت سے صارفین نے کہا کہ ”ڈبے کے دودھ میں مختلف کیمیکلز شامل کیے جاتے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں“۔

جبکہ کچھ افراد نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “ڈبے کا دودھ تو صرف پانی اور کیمیکل کا مجموعہ ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے بے شمار تبصرے سامنے آئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ”یہی وجہ ہے کہ اب میں ڈبے کا دودھ نہیں بلکہ قدرتی دودھ استعمال کرتا ہوں“۔ دوسری جانب ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ”ہمارے ملک میں خوراک میں ملاوٹ بہت عام ہے اور یہ کلپ عوام کو آگاہی فراہم کرتا ہے“۔

ڈرامے کا یہ کلپ حقیقت پر مبنی ہے یا محض ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے، اس پر بحث جاری ہے، مگر سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس مکالمے کو حقیقی مسائل سے جوڑتے ہوئے خوراک میں ملاوٹ کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریز ”دی جرنلسٹ“میں ہر قسم کی معاشرتی برائیوں، جرائم اور دھوکہ دہی کے ان گنت واقعات کو بے نقاب کیا جاتا ہ، یہ ڈرامہ سیریز ان بہادر صحافیوں کی جدوجہد کی داستان ہے، جو اپنے قلم اور کیمرے کے ذریعے جرم کا پردہ چاک کرتے ہیں اور انصاف کی راہ ہموار کرتے ہیں۔

Read Comments