190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کیلئے اڈیالہ جیل پہنچنے والی بشریٰ بی بی واپس پشاور روانہ ہوگئی ہیں۔ جبکہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سمیت 79 ملزمان پر فرد جرم کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے زمان پارک جاسکتی ہیں، لیکن وہ واپس پشاور روانہ ہوگئیں۔
بیرسٹر سیف نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی اپنے کیس کے سلسلے میں اڈیالہ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان، بیرسٹر گوہر اور بشریٰ بی بی کا ایک کیس ہے تو عدالت میں ملاقات ہوگی، بشریٰ بی بی کی پشاور واپسی کا فیصلہ وہ خود کریں گی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا تھا کہ فی الحال ان کے لاہور جانے اور وہاں چیک اپ کے لئے رکنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی رہائش کیلئے پشاورمحفوظ جگہ ہے، اسلام آباد میں کیسز کی وجہ سے انہیں رکنا پڑ سکتا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے کی۔ تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر 33ویں پیشی پر بھی جرح مکمل نہ ہوسکی، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے کیس کے تفتیشی افسر پر جرح کی۔
نیب پراسیکوٹر امجد پرویز نے بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کے غیرضروری سوالات پر اعتراض اٹھایا ۔
امجد پرویز نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے بھی غیر ضروری سوالات کو ناپسندیدہ عمل قرار دیا گیا ہے، غیر ضروری سوالات پوچھ کر عدالت کا وقت ضائع کیا جارہا ہے، کیس کا تفتیشی افسر کیس کا رسمی گواہ ہوتا ہے نہ کہ چشم دید گواہ ، گواہ سے پوچھا جارہا ہے کہ ریفرنس کے دس والیم میں کتنے صفحات پر لفظ کانفیڈینشل لکھا گیا ہے۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ جتنے بھی صفحات پر کانفیڈینشل لکھا گیا ہے وہ ریکارڈ کا حصہ ہے۔ یہ غیر ضروری سوال ہے اس کے علاوہ وکلا صفائی جو بھی سوال پوچھنا چاہتے ہیں گواہ سے پوچھ سکتے ہیں۔
عدالت نے پراسیکوشن کے اعتراض کو درست قرار دیتے ہوئے وکلاء صفائی کو غیر ضروری سوال کرنے سے روک دیا۔
وکلا صفائی نے عدالت کی جانب سے اعتراض درست قرار دینے کے فیصلے کو ہائیکورٹ چیلنج کرنے کی استدعا کر دی۔
دوسری جانب راولپنڈی کی انسداد دہشتگعردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم کی تاریخ مقرر کردی۔
بدھ کو مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
جی ایج کیو حملہ کیس میں شیخ رشید، شبلی فراز اور عمر ایوب سمیت 79 ملزمان خلاف سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی رہنماء عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے بعد عدالت نے کہا کہ ملزمان پر 8 نومبر کو فرد جرم عائد ہوگی، آج تمام ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم مکمل کی جائے گی۔
خیال رہے کہ جی ایج کیو حملہ کیس کو 9 مئی کے دیگر کیسز سے الگ کردیا گیا تھا۔