وزیراعظم شہباز شریف ’فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت کے بعد سعودی عرب سے قطر پہنچ چکے ہیں، لیکن سعودی ریاست چھوڑنے سے قبل پاکستانیوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کی روانگی سے قبل سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے ویزوں میں اضافہ کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں سعودی عرب سے پاکستان کو زرمبادلہ بھیجنے میں اضافہ ہوگا، فوری طور پر صحت کے شعبے میں 300 ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران خالد بن عبدالعزیز نے وزیراعظم شہباز شریف کی ’فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت پر کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے وفد کی میزبانی کرنا ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا وژن پیش کیا۔
خالد بن عبدالعزیز نے مزید کہا کہ ہمارا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا، اور سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
سعودی وزیر نے وضاحت کی کہ پاکستان میں 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا۔ عبدالعزیز نے مزید کہا کہ یہ 27 مفاہمتی یادداشتیں اب بڑھ کر 34 ہو گئی ہیں، جس سے سرمایہ کاری کا حجم بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔
خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ یہ دورہ اور مفاہمتی یادداشتیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی، اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیوچر انوسٹمنٹ انی شی ایٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے، سمجھوتوں کی ابھی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی اور ان پر کام بھی شروع ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کی ٹائم لائن پر عمل کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں ہم مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے قطر پہنچ چکے ہیں، روانگی سے قبل ریاض کے نائب گورنر نے وزیراعظم شہبازشریف کو الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پردوحہ پہنچے ہیں، دورے کے دوران قطری قیادت سےنتیجہ خیز تبادلہ خیال کا منتظر ہوں، قطر میوزیم میں پاکستانی ثقافتی ورثے کی خصوصی نمائش کا بھی افتتاح کروں گا۔