Aaj Logo

شائع 29 اکتوبر 2024 09:35pm

26ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے نے غداری کی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانیعمران خان کا کہنا ہے کہ 26ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے نے غداری کی ہے۔

منگل کو اڈیالہ جیل میں صحافیوں اور اپنے وکلا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں جس نے بھی چھبیسویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا ہے اس نے آئینِ پاکستان کی بنیادوں کو ہلا کر پاکستان کے ساتھ غداری کی ہے۔

بشریٰ کی رہائی اور گنڈاپور کا غائب ہو کر پھر آنا خان کی مرضی سے معافی تلافی کی علامت ہے، خواجہ آصف

عمران خان نے کہا کہ مجھے جِس طرح پنجرے میں بند رکھ کر ذہنی اذیت دی گئی، یہ بُہت ہی نیچ اور افسوسناک حرکت ہے، جانوروں سے بدتر سلوک کیا گیا، سیل کی بجلی پانچ دن تک بند رکھی گئی، سیل میں گُھپ اندھیرا رکھا گیا، 10 دن تک سیل سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا، کئی ہفتے تک میرے ڈاکٹرز، فیملی اور وکلا کو ملنے پر پابندی لگائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سختیاں اور ٹارچر کرکے مجھے توڑنا چاہتے ہیں مگر میں اِس ظلم کے باوجود پاکستانی قوم کی حقیقی آزادی کے لیے ڈٹا رہوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان کے مستقبل اور پاکستانیوں کے مفاد اور بہتری سے کوئی سروکار نہیں، کیونکہ اِس کے پیسے اور جائیداد سب باہر ہے، یہ پاکستان میں صرف اور صرف لوٹ مار کے لئے ہی آتے ہیں اور پھر اپنے وطن واپس لوٹ جاتے ہیں۔

سپریم کورٹ بار الیکشن کے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف وکلا تحریک پر شدید اثرات ہوں گے، علی ظفر

ان کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف وزیراعظم تھا تو 22 دفعہ برطانیہ گیا تھا اب تو ویسے بھی یہ بارہواں کھلاڑی ہے، اس لئے اپنے وطن واپس سدھار گیا ہے۔

انہوں نے انتظار پنجوتھہ کے اغوا پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جبری گمشدگی میری ذات سے مخاصمت کا شاخسانہ ہے، مُلک میں مکمل لاقانونیت کا راج ہے، میرے فوکل پرسن کے اغوا کو 21 دن ہو گئے، اُس کا قصور کیا ہے؟ افسوس ہے کہ عدالتیں بھی خاموش ہیں۔

Read Comments