غیر ملکی ائیر لائن کی استنبول سے لاہور آنے والی پرواز میں سوار ایک مسافر طبعیت خراب ہونے پر انتقال کرگیا، جس کے باعث پرواز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق استنبول سے لاہور کی پرواز ٹی کے 714 نے آج صبح 4 بج کر 35 منٹ پر لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنا تھا تاہم طیارہ آذربائیجان کی فضائی حدود میں تھا کہ طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر پائلٹ نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے ائیر ٹریفک کنٹرول سے میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
اجازت ملنے پر ایئر بس اے 330 طیارے نے باکو ائیرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اور مسافر کا فوری طور پر طبی معائنہ کیا گیا تاہم اس وقت تک مسافر کا انتقال ہو چکا تھا۔
غیر ملکی پرواز میں مسافر کا انتقال، طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
میڈیکل ٹیم نے مسافر کی موت کی تصدیق کی اور ضابطے کی کارروائی کے بعد میت ائیرلائن انتظامیہ کے حوالے کی جب کہ طیارہ لگ بھگ ڈھائی گھنٹے بعد باکو سے لاہور کے لیے روانہ ہوا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ لاہور میں تاخیر سے پہنچنے پر یہ پرواز ساڑھے 3 گھنٹے تاخیر سے اپنی منزل استنبول کے لیے روانہ ہو سکی۔