Aaj Logo

شائع 29 اکتوبر 2024 10:48am

آسٹریلیا کو دھول چٹانے کیلئے پاکستان کے 7 کھلاڑی میلبرن پہنچ گئے

پاک آسٹریلیا سیریز میں شرکت کے لیے پہلے مرحلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے 7 کھلاڑی میلبرن پہنچ گئے۔

آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل 7 ارکان میلبرن پہنچ گئے۔

میلبرن پہنچنے والوں میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، بابر اعظم، حارث رؤف، فیصل اکرم، محمد حسنین اور محمد عرفان شامل ہیں۔

دوسرے مرحلے میں پاکستان اسکواڈ کے دیگر ارکان آج رات کراچی سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوں گے، ٹیم کے فیلڈنگ کوچ محمد مسرور بھی اسکواڈ کے ہمراہ روانہ ہوں گے۔

آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 4 نومبر سے ہوگا۔

دوسری جانب قومی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹیم میں گروپ بندی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ گروپ بندی کا سب باہر سے ہی سنتے رہے ہیں لیکن میں پورے پاکستان کے گروپ کا حصہ ہوں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں سب 15 پلیئر کپتان ہیں، گروپ سے متعلق بتاتیں سنتا ہوں، ہاں میں گروپ کا حصہ ہوں اور میں پورے پاکستان کے گروپ کا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کل بھی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھا تھا اور مشاورت ہوئی، ہمارا فوکس طویل مدت کا ہے، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور مینٹور ایک پیج پر آنے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے کہ ہماری ٹیم بہترین ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ تجربہ کار بھی ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ بڑے ایونٹس کے لیے اچھا کمبی نیشن بن جائے،چیمپئنز کپ میں سب نے دیکھا کہ ہمارے نوجوان کیسے ہیں، ہماری ترجیح نوجوان کھلاڑی کو انٹرنیشنل معیار تک لے جانا ہے، گیپ ختم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی نے محمد رضوان کو وائٹ بال فارمیٹ کا کپتان مقرر کردیا جب کہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔

یاد رہے کہ محمد رضوان کو کپتان بنتے ہی دورہ آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہوگا جہاں گرین شرٹس نے تین ٹی 20 اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

Read Comments