Aaj Logo

شائع 29 اکتوبر 2024 10:25am

شان مسعود پر طنز: رمیز راجہ کو وضاحت پیش کرنی پڑ گئی

قومی ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود سے نامناسب گفتگو پر (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجہ کا رد عمل سامنے آگیا۔

واضح رہے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد کپتان شان مسعود کی زمیز راجہ اور زینب عباس سے پینل پر گفتگو ہوئی تھی۔ رمیز راجہ نے شان مسعود سے غیر سنجیدہ سوال پوچھا کہ آپ نے مسلسل 6 میچ ہارنے کا ریکارڈ کیسے بنایا؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بھی رمیز راجہ کے سوالات اور ریمارکس پر عدم اطمینان اور ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔

بعد ازاں سابق لیجنڈ کرکٹر اور کمینٹیٹر رمیز راجہ کی نامناسب گفتگو کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں آئندہ کمینٹری پینل میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اب اس معاملے پر رمیز راجہ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرا مطلب شان مسعود کو نیچا دکھانا ہرگز نہیں تھا، کھلاڑیوں سے سوال کرنا میرا حق ہے، پاکستان کی کامیابی سے سب کو عزت ملی ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان ہوگیا! کس کھلاڑی کو کونسی کیٹگری ملی

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کسی نے مکمل انٹرویو نہیں دیکھا تو میں بات نہیں کروں گا، میرا سوال تھا کہ 6 میچز ہارنے کے بعد افراتفری تھی، میں نے شان مسعود سے پوچھا کہ شکست کے بعد کیسے صبر وتحمل پیدا کیا؟ شان مسعود میرے بیٹے کی عمر کے ہیں، ان سے بیٹنگ سے متعلق بات ہوتی رہتی تھی۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ شان مسعود کا لیگ کی طرف شاٹ کھیلتے ہوئے مسئلہ ہے جس پر سوال کیا، ایک جیت کے بعد ہم بھول جاتے ہیں کہ بہت منزلیں طے کرنی ہیں، پاکستان 6 ٹیسٹ میچ ہارا تو میں نے نہیں کہا کہ شان مسعودکو ہٹا دیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی باتوں پر توجہ نہیں دیتا، مجھ پر دباؤ رکھنے کیلئے سیاست کی جاتی ہے، جو لوگ کرکٹ نہیں کھیلے وہ کرکٹ پر بات کرتے ہیں، ایسا لگتا ہے پاکستان کرکٹ زندہ ہی سوشل میڈیا کی وجہ سے ہے۔

Read Comments