قومی اسمبلی میں گردشی قرضوں کی تفصیلات پیش کردی گئی ہیں، جن کے مطابق مالی سال 24-2023 کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں 83 ارب روپے اضافہ ہوا ہے۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران گردشی قرضوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں 83 ارب روپے کے اضافے کے بعد قرض کا حجم 2 ہزار 393 ارب روپے ہوگیا ہے۔
پاور ڈویژن کا سال 23-2022 میں گردشی قرضہ 57 ارب روپے کے اضافے سے 2 ہزار 310 ارب روپے تھا، جبکہ سال 22-2021 میں گردشی قرضہ 27 ارب روپے کمی سے 2 ہزار 253 ارب روپے رہا۔
پاور ڈویژن کا سال 21-2020 میں گردشی قرضہ 130 ارب روپے اضافے سے 2 ہزار 280 ارب روپے رہا، اور سال 20-2019 میں گردشی قرضہ 538 ارب روپے کے اضافے سے 2 ہزار 150 ارب روپے رہا۔