Aaj Logo

شائع 28 اکتوبر 2024 04:28pm

خیبر پختونخوا حکومت کا الیکٹرانک جائیداد کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے لینڈ ریکارڈ اصلاحات کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے لینڈ ریکارڈز کے حصول کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے الیکٹرانک جائیداد کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے، کارڈ میں درج تفصیلات کی تصدیق کے لیے موبائل ایپ کی سہولت فراہم ہوگی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کے اجلاس میں جائیداد کارڈ کو ابتدائی طور پر صوبے کے ضم شدہ اضلاع میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جائیداد کارڈ ای پاس بک کے طور پر کام کرے گا۔

بورڈ آف ریونیو کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہری جائیداد کارڈ میں موجود کیو آر کوڈ اسمارٹ فون کے ذریعے اسکین کرکے اپنے تمام لینڈ ریکارڈ تک باآسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، اس مقصد کے لیے انہیں سروس ڈیلیوری سینٹر، پٹوار خانے یا کسی بھی دفتر کا چکر نہیں لگانا پڑے گا۔

متعلقہ حکام کے مطابق جائیداد کارڈ میں موجود ہائی سیکیورٹی فیچر کی بدولت زمینوں کے ریکارڈ میں ممکنہ جعل سازی کا موثر تدارک کیا جاسکے گا، اس کارڈ کے میں تمام اضلاع میں موجود ہر ایک شہری کی ملکیتی زمینوں کی تفصیلات درج کی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ الیکٹرونک جائیداد کارڈ کا اجرا ریونیو اصلاحات کے سلسلے میں صوبائی حکومت کا اہم قدم ہے، صوبائی حکومت لینڈ ریکارڈ اصلاحات کے لئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عمل میں لا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مطابق اس طرح کے اقدامات سے لینڈ ریکارڈ کے جملہ امور میں شفافیت یقینی ہوگی ’اس کارڈ کے اجرا سے شہریوں مختلف قسم کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ جائیداد کی ملکیت سے متعلق تنازعات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، جائیداد کارڈ کا باضابطہ اجرا جلد سے جلد یقینی بنایا جائے گا۔‘

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کے اس اجلاس میں صوبائی وزیر مال کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Read Comments