Aaj Logo

شائع 28 اکتوبر 2024 10:32am

ن لیگ اور پیپلز پارٹی ججز کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے، فواد چوہدری

سابق وزیر اطلاعات اور سینئیر سیاستدان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر اپنے کمرے سے نہیں نکلتا، ان کے تمام کارکنان دھکے کھا رہے ہیں اور وہ کمروں میں بیٹھے ہیں، سلمان اکرم راجہ 1970 کا جیل لگا کر خود کو ڈان سمجھ رہے ہیں، ان کے پاس بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ججز کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے کہ 2 سینیئر جج استعفیٰ دیں ورنہ 27 ویں آئینی ترمیم لے آئیں گے۔

لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہم 517 ویں بار انسداد دہشت گری عدالت میں پیش ہوئے ہیں، کیا ہم سارے دہشت گرد ہیں؟ اگر ہم دہشت گرد ہیں تو کیا پاکستان کے لوگ دہشت گردوں کو ووٹ دے رہے ہیں؟

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر اپنے کمرے سے نہیں نکلتا، آپ کے تمام کارکنان دھکے کھا رہے ہیں، وہ کمروں میں بیٹھے ہیں، سلمان اکرم راجہ 1970 کا جل لگا کر خود کو ڈان سمجھ رہے ہیں، سلمان اکرم راجہ کہہ رہے ہیں کارکنان گرفتار ہوں، لیڈرشپ تو گرفتار نہیں ہو سکتی۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لوگوں پر پرچے ہو کر ان کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے، یہ سارے جیل لگا کر کافی پی کر کہتے ہیں فلاں جگہ آجاؤ، میرے سارے خاندان کا نام ای سی ایل پر ہے، ان سب کے مزے لگے ہوئے ہیں، ان کے پاس بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے، بچوں جیسے لوگوں کے ہاتھ میں پارٹی ہے۔

پی ٹی آئی کا سیاسی کمیٹی اجلاس: احتجاج سے متعلق پارٹی کی حکمت عملی تبدیل

انہوں نے مزید کہا کہ میں بشری بی بی اور علیمہ خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سیاست میں آئیں، سیاست میں آ کر بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی حکمت عملی بنائیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کہہ رہی ہے کہ 2 سینئر جج استعفیٰ دیں کیوں دیں وہ استعفیٰ ؟ یہ ججز کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر آپ نے مانے تو ہم 27 ویں ترمیم لے آئیں گے۔

Read Comments