Aaj Logo

شائع 27 اکتوبر 2024 08:54pm

ایران پر اسرائیلی حملے میں روسی ساختہ میزائل ڈیفنس سسٹم مکمل تباہ، امریکی اخبار کا دعوٰی

امریکا کے معروف اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعوٰی کیا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے میں 2016 میں روس کا فراہم کردہ میزائل ڈیفینس سسٹم S-300 مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

یہ میزائل ڈیفینس سسٹم روس کے جدید ترین سسٹم S-400 کی پچھلی نسل تھا۔ ایک اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے امریکی اخبار نے بتایا کہ ایران کے پاس جو بھی میزائل ڈیفینس سسٹم تھا وہ تباہ ہوچکا ہے۔

ایران نے اسرائیلی حملے سے پہنچنے والے نقصان کو بیان کرنے کے معاملے میں غیر معمولی احتیاط سے کام لیا ہے۔ بیشتر معاملات پر خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

ایرانی فوج کے سربراہ نے صرف یہ کہنے پر اکتفا کیا تھا کہ اسرائیلی طیاروں نے دو صحرائی علاقوں میں راڈارز کو نشانہ بنایا اور چند شہری علاقوں میں بھی کامیابی حاصل کی۔

وال اسٹریٹ جرنل نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے ایران کی میزائل بنانے والی تنصبیات کو بھی نشانہ بنایا اور پیداواری استعداد بحال کرنے میں ایران کو اب کئی سال لگ سکتے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل سے کہا تھا کہ وہ ایران میں ایٹمی اور تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ اسرائیلی قیادت نے امریکی صدر کی بات مانتے ہوئے ایٹمی اور تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے سے واضح طور پر گریز کیا۔

روس کے فراہم کردہ میزائل ڈیفینس سسٹم کی تباہی سے متعلق دعووں پر ایران کی طرف سے باضابطہ ردِعمل اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کہہ چکے ہیں کہ ایران اسرائیلی حملے کا منہ توڑ جواب دے گا۔

Read Comments