اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ایران کے میزائل حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ یہ وعدہ اسرائیلی فوج نے پورا کردیا اور ایران پر بھرپور جوابی حملے میں تمام اہداف حاصل کرلیے گئے۔
عبرانی کیلینڈر کے مطابق اسرائیل پر حماس کے حملے کا ایک سال مکمل ہونے پر خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِاعظم نے کہا کہ ایران پر حملہ جامع اور قطعیت سے پُر تھا۔ ہدف سے ہٹ کر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
اسرائیلی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ایران نے 200 سے زائد میزائلوں سے حملہ کیا تھا مگر ہم نے وہ حملہ پوری قوت سے ناکام بنایا۔ ہم نے جوابی حملے میں ایران کی دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ میزائل بنانے والے اداروں کو بھی بھی کمزور کیا۔
ایرانی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے دارالحکومت تہران کے نواح اور دیگر مقامات پر عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کے حملے کو بڑھا چڑھاکر یا گھٹاکر پیش نہ کیا جائے۔ اس حملے کا بھرپور جواب وقت آنے پر دیا جائے گا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں علی خامنہ ای نے کہا کہ اب ایرانی حکام کو اس بات متوجہ ہونا چاہیے کہ اسرائیل کو اس حملے کا بھرپور جواب کیونکر دیا جاسکتا ہے۔