امریکن ایئر لائنز نے ایک خصوصی ٹیکنالوجی کی آزمائش کی ہے جس کی مدد سے ایئر پورٹس پر بورڈنگ کے لیے لگنے والی قطاروں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
اگر کوئی مسافر اپنے متعین گروپ سے ہٹ کر اپنا ٹکٹ اسکین کرنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ ٹیکنالوجی گیٹ ایجنٹس کو تیز آواز کے ذریعے خبردار کردیتی ہے۔
امریکن ایئر لائنز اس ٹیکنالوجی کو تین ایئر پورٹس پر آزمارہی ہے تاکہ بورڈنگ پروسیس آسان تر بنایا جاسکے اور بدنظمی کا تدارک بھی ممکن ہو۔
مسافروں کو قطار سے نکل کر غلط طریقے سے بورڈنگ سے روکنے والی ٹیکنالوجی نیو میکسیکو کے البوکرک انٹرنیشنل سن پورٹ ایئر پورٹ، ایریزونا کے ٹکسن انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور ورجینیا کے شہر کرسٹل سٹی کے رونالڈ ریگن واشگنٹن نیشنل ایئر پورٹ پر بروئے کار لائی جارہی ہے۔
ایسوسی ایٹیڈ پریس کو جاری کردہ بیان میں امریکن ایئر لائنز نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کا بنیادی مقصد مسافروں کو ترجیحی بنیاد پر بورڈنگ میں زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچانا ہے۔ اس سے ایئر پورٹ اسٹاف کو بھی معاملات درست رکھنے میں مدد ملے گی۔
ایئر پورٹ پر بدنظمی روکنے والی یہ ٹیکنالوجی ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے۔ امریکن ایئر لائنز نے کہا ہے کہ اب تک کے نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن ہوتی رہے گی اور مسافروں کے لیے معاملات بہتر ہوتے چلے جائیں گے۔