نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نےغزہ اور لبنان کے لیے 14 ویں امدادی کھیپ روانہ کر دی۔
وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
امداد کی 14 ویں کھیپ کراچی سے لبنان روانہ کی گئی، یہ کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی، اس امدادی کھیپ میں تقریباً 17 ٹن سامان شامل ہے جس میں خیمے، کھانے کے ٹن، خشک دودھ، کپڑے اور حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں۔
امداد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیروت، لبنان کے لیے پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ رخصتی کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر شاہ اور این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر قیصر شاہ نے فلسطین اور لبنان کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کو جاری تنازعات اور متاثرہ برادریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مصیبت میں پھنسے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کیلئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو تقویت دینے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل حکومت پاکستان نے غزہ اور فلسطین کے لیے 12 امدادی کھیپس بھیجی ہیں اور یہ لبنان کے لیے تیسری کھیپ ہے جس کا کل حجم 1,398 ٹن ہے۔
حکومت پاکستان لبنان اور فلسطین کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔