ایک طرف قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی تو دوسری جانب میڈیا پر آف اسپنر ساجد خان کی غصیلی اور خطرناک آنکھوں کا چرچا دکھائی دیا۔ نیوز کانفرنس میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ساجد خان نے کہا اللہ نے آنکھیں ہی ایسی دی ہیں، کیا کروں۔
قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں کسی کو بھی آنکھیں نہیں دکھاتا میرا چہرہ ہی ایسا ہے لوگ سمجھتے ہیں غصہ کررہا ہوں۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار بولنگ سے انگلینڈ کے خلاف کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے آف اسپنر ساجد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہنستا بھی ہوں تو لوگ سمجھتے ہیں غصہ کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی آنکھیں نہیں دکھاتا میرا چہرہ ہی ایسا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں غصے میں ہوں۔
خیال رہے کہ نعمان علی اور ساجد خان کی اسپن جوڑی نے تباہی مچادی تھی، انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچ میں 39 وکٹیں لے اُڑے اور انگلش بیز بال کا برا حال کردیا۔
ملتان میں دونوں کھلاڑیوں نے20 وکٹیں لیں، ملتان میں 800 رنزبنانے والی انگلش ٹیم اسی گراونڈ پر بے بسی کی تصویر بنی رہی، پنڈی میں بھی ساجد اورنعمان کا جادو چلا، 20 میں سے 19 وکٹیں اڑائیں۔
دونوں کی جوڑی نے بلے سے بھی کمال دکھایا، پہلی اننگز میں ٹیم مشکل میں تھی، نعمان نے 45 اور ساجد نے 48 رنز بنائے۔
نعمان علی نے 14 ماہ بعد ٹیم میں واپسی کی اور دو ٹیسٹ میں 20 وکٹیں لیں۔
ساجد خان بھی پیچھے نہ رہے اور 19 وکٹیں اڑائیں، دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کو ساڑھے تین سال بعد ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں فتح دلائی۔