ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایمرجنگ ٹی 20 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کی مایوس کن پرفارمنس کے باعث دفاعی چیمپئن کا سفر سیمی فائنل میں تمام ہوگیا، سری لنکن اے نے پاکستان شاہینز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
جمعہ کے روز عمان کے العامرات کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے ٹی 20 ایمرجنگ ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔
پاکستان شاہینز کی اننگز کی خاص بات عمیر بن یوسف کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے اوپنر کی حیثیت سے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 46 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 68 رنز اسکور کیے۔
تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، یاسر خان 2، کپتان محمد حارث 6، قاسم اکرم صفر، حیدر علی 14 اور عرفات منہاس 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عبدالصمد کوئی رن نہ بناسکے۔
ایمرجنگ ایشیا کپ: بھارت کیخلاف شاندارفتح کے بعد ہوٹل میں جشن کی ویڈیو وائرل
سری لنکا اے کی طرف سے لیگ اسپنر دوشن ہیمانتھا نے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رانسیکا اور مالنگا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں سری لنکا اے نے 136 رنز کا ہدف 16.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور فائنل کی سیٹ پکی کرلی۔
سری لنکا اے کی اننگز میں لاہیرو اودارا نےجارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کیے، انہوں نے اہان وکرما سنگھے کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔
وکرما سنگھے 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔
پاکستان شاہینز کے سفیان مقیم اور عباس آفریدی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
ایونٹ میں دوسرا سیمی فائنل افغانستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جارہا ہے جبکہ فائنل میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔