Aaj Logo

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2024 11:04pm

قیدیوں کی وین پر حملہ: ترنول کے ایس ایچ او نے اپنے ہاتھ سے وین کے شیشے توڑے، گنڈا پور کا الزام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے قیدی وینز پر حملے کو پولیس کا ڈرامہ قرار دے دیا اور انہوں نے اسلام آباد پولیس سے مخاطب ہوکر کہا کہ جس طریقے سے آپ نے یہ ڈرامہ شروع کیا اور آئے روز یہ ڈرامہ کرتے آرہے ہیں یہ آپ کو بند کرنے پڑیں گے۔

اسلام آباد میں سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدی وینز پر حملے سے متعلق اپنے بیان میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ملک کے اندر لاقانونیت کا رواج قائم کردیا گیا، آج ہمارے وزیر، ایم این اے اور ورکرز کی ضمانت ہوئی، ضمانت کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

علی امین گنڈا پور نے الزام لگایا کہ جیل لے جاتے ہوئے ترنول کے ایس ایچ او نے اپنے ہاتھ سے وین کے شیشے توڑے، ڈرامہ رچا کر قیدیوں کو وین کے تالے توڑ کر نیچے کھڑا کردیا گیا، ایک ڈرامہ رچایا گیا کہ یہ لوگ فرار ہو رہے ہیں، میرے پاس ویڈیو اور ثبوت ہیں۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا نے اسلام آباد پولیس سے مخاطب ہوکر کہا کہ جس طریقے سے آپ نے یہ ڈرامہ شروع کیا اور آئے روز یہ ڈرامہ کرتے آرہے ہیں یہ آپ کو بند کرنے پڑیں گے۔

اسلام آباد میں قیدی وینز پر حملہ، پی ٹی آئی ایم پی ایز سمیت متعدد فرار، دوبارہ گرفتار

قیدی وینز پر حملہ: پی ٹی آئی ایم پی اے کے بیٹے سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا، عطا تارڑ

ان کا مزید کہنا تھا کہ وارننگ دے رہا ہوں اس طرح کے ڈرامے نہ کریں، اگر گرفتار کیا ہے تو ان لوگوں کو خیریت سے پہنچائیں، کسی کو کچھ بھی ہوا تو ایس ایچ او ترنول اور ڈی پی او ذمہ دار ہوں گے، ڈی آئی جی، آئی جی اور پھر وزیر داخلہ ذمہ دار ہوں گے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کو لانے والی 3 گاڑیوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈی چوک احتجاج میں گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کے 3 ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار ہوگئے تاہم بعدازاں پولیس نے تمام قیدیوں کو گرفتار کرلیا۔

حملے میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور 4 حملہ آوروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

Read Comments