Aaj Logo

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2024 09:29pm

اسلام آباد میں قیدیوں کی وینز پر حملہ: 2 مفرور پی ٹی آئی ایم پی ایز سمیت تمام قیدی دوبارہ گرفتار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سنگجانی ٹول پلازہ پر 3 قیدیوں کی وینز پر نامعلوم ملزمان نے حملہ کردیا، پولیس نے قیدیوں کو فرار کرانے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ فرار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے 2 ارکان صوبائی اسمبلی سمیت تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، حملے میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیوں پر حملہ کیا اور فائرنگ کی، جن قیدی وین پر حملہ کیا گیا، ان میں دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ملزمان موجود تھے۔

مبینہ طور پر جنہیں چھڑوانے کے لیے نامعلوم افراد نے حملہ کیا جسے ناکام بنادیا گیا جبکہ حملے میں پی ٹی آئی کے 3 ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی، شیشے بھی توڑے، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی جنہوں نے فائرنگ بھی کی۔

قیدیوں کی وین پر حملہ: ترنول کے ایس ایچ او نے اپنے ہاتھ سے وین کے شیشے توڑے، گنڈا پور کا الزام

پولیس ذرائع کے مطابق وینوں میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے قیدی سوار تھے، قیدی وینوں میں 150 سے زائد قیدی موجود تھے جنہیں محفوظ طریقے سے جائے وقوع سے منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا اور اس سلسلے میں واقعے سے متعلق عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی، تاحال فرار ہونے والے حملہ آور میں سے کوئی بھی پولیس کے ہاتھ نہ آسکا۔

سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی 3 وینز میں ڈی چوک احتجاج کے 187 ملزمان کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا۔

اسلام آباد پولیس کا بیان

بعد ازاں ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ ہوا جہاں پولیس 82 قیدیوں کو عدالت میں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کر رہی تھی کہ 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کر دیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے۔

اسلام آباد پولیس نے کہا کہ حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جب کہ 3 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا، چار گرفتار افراد کو دو گاڑیوں سمیت تھانہ ترنول، تمام حوالاتیوں اور قیدی وینز کو پولیس لائن منتقل کر دیا گیا ہے، قیدی وینز کے ڈرائیور اور ان کے ہمراہ موجود پولیس اہلکاروں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردیے ہیں اور حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ سنگجانی کے علاقے میں قیدی وینوں پر 20 افراد نے حملہ کیا، جن میں سے 4 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حملہ آوروں کی دو گاڑیاں اور اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ تمام فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے پولیس پر فائرنگ بھی کی تاہم پولیس ٹیموں نے تمام صورت حال کو انتہائی دلیری سے نمٹایا۔

فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، آئی جی اسلام آباد

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ 3 قیدی وینز میں 82 ملزمان موجود تھے جنہیں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس نامعلوم ملزمان قیدی وین پر حملہ آور ہوئے اور حملے کے بعد کچھ قیدی وین سے فرار ہوگئے۔

قیدی وینز پر حملہ: پی ٹی آئی ایم پی اے کے بیٹے سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا، عطا تارڑ

آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ حملے میں ملوث 4 ملزمان اور فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے، انہیں اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے اور پولیس نے قیدیوں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام بنادی۔

پی ٹی آئی نے قیدی وینز پر حملے کا الزام پولیس پر عائد کردیا

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد میں قیدی وینز پر حملے کا الزام پولیس پر عائد کردیا۔

شیخ وقاص نے کہا کہ قیدی وینز پر حملے کا واقعہ پولیس نے خود کرایا، ہمارے اسی سے زائد لوگوں کو آج سنگجانی تھانے کی ایف آئی آر میں عدالت پیش کیا گیا، واپسی پر گاڑیاں روک کر ہمارے کارکنان کو کہا گیا کہ یہاں سے فرار ہوجاؤ مگر ہمارے ورکرز اور ایم پی ایز وہاں کھڑے ہیں۔

Read Comments