اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سابق ایم پی اے اختر حسین لانگو اور شفیع محمد کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق ایم پی اے اخترحسین لانگو اورشفیع محمد کو عدالت پیش کیا گیا، ملزمان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج ہے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پوچھا کہ یہ کس کیس میں لائے ہیں، یہ 22 اکتوبر کا وقوعہ ہے، جس پر ملزمان کے وکیل نے مقدمہ کا متن عدالت میں پڑھا۔
وکیل ملزمان نے کہا کہ مقدمہ میں الزام لگایا سینیٹ سیکرٹریٹ داخل ہونے کی کوشش کی، مقدمہ میں کہا گیا اسلحہ تھا کون سا اسلحہ تھا، کس نے لایا سینیٹ میں کیسے اسلحہ پہنچا، وقوعہ کا کوئی گواہ موجود نہیں صرف شک کی بنیاد پرپکڑکر مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں کہا گیا انہوں نے سینیٹ میں داخل ہونے کوشش کی۔
جج نے پوچھا کہ اس مقدمہ میں مدعی کون ہے، جس پر وکیل ملزمان نے کہا کہ مدعی سینیٹ کا ملازم ہے، استدعا ہے کہ ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔
عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرکیا، بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کا 5 روز کا ریمانڈ منظور کر لیا۔
واضح رہے کہ سربراہ سردار اختر مینگل اور دیگر کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پارٹی کے مرکزی رہنما اختر حسین لانگو کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
جوائنٹ سیکریٹری سینیٹ جمیل احمد کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں سردار اختر مینگل سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
محفوظ فیصلہ اے ٹی سی کے جج ابو الحسنات ذولقرنین نے سنایا۔