Aaj Logo

شائع 24 اکتوبر 2024 05:26pm

جازان کا یاسمین، ”خوشبو، خوبصورتی اور روایت“ کی علامت

جازان سعودی عرب کا ایک خوبصورت علاقہ ہے، جو اپنے منفرد پھول ”فل“ یعنی ”عربی یاسمین“ (موتیا کے پھول) کے لیے جانا جاتا ہے۔ فل نہ صرف ایک خوشبودار پودا ہے بلکہ یہ علاقے کی ثقافت اور روایات کا اہم حصہ بھی ہے۔ جازان کے لوگ اس پھول کو خوشی اور خوشحالی کی علامت سمجھتے ہیں اور اسے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں استعمال کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ موتیا کی خوشبو نے جازان کی شاعری اور مقامی گیتوں میں بھی اپنی جگہ بنا لی ہے۔

جازان میں 1000 سے زائد موتیا کے باغ ہیں جہاں تقریباً 5 لاکھ موتیا کے درخت موجود ہیں۔ ہر سال یہاں سے 600 ٹن موتیا پیدا ہوتا ہے جو نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہو چکا ہے۔ جازان کے گھروں اور باغات میں موتیا کی خوشبو ہمیشہ موجود رہتی ہے اور یہاں کی خواتین خاص طور پر اپنے گھروں اور باغات میں اس کے پودے لگانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

موتیا کی مختلف اقسام ہیں جیسے ”فل عزان“ جو پہاڑی علاقوں میں پایا جاتا ہے اور اپنے بڑے اور پیلے پھولوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ بڑے سائز کا ہوتا ہے اور اکثر مرد اپنے سروں پر اس کا تاج پہنتے ہیں۔ دوسری قسمیں ”فل بلدی“ اور ”فل عریشی“ ہیں جو اپنے سفید اور خوشبودار پھولوں کی وجہ سے مقبول ہیں خاص طور پر جب رات کو ان کے پھول کھلتے ہیں۔

جازان میں موتیا کی پیداوار اور صنعت کو مزید فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ 2021 میں ”فل اور خوشبودار نباتات کی ایسوسی ایشن“ قائم کی گئی تاکہ کسانوں کی مدد کی جا سکے اور انہیں بہتر وسائل فراہم کیے جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فل کے تیل نکالنے اور اسے عالمی سطح پر برآمد کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے بھی جازان میں موتیا کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور یہاں سالانہ موتیا کا میلہ منعقد کیا جاتا ہے جس میں موتیا اور دیگر خوشبودار نباتات کی نمائش کی جاتی ہے۔

جازان کے نوجوانوں نے بھی اس پودے کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز اور ای کامرس کا سہارا لیا ہے جس سے یہ پھول مزید مقبول ہو رہا ہے اور لوگ اس کی خوبصورتی اور خوشبو سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

Read Comments