کراچی سینٹرل جیل سے کےالیکٹرک کو بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے، جبکہ جیل کی عمارت کو شمسی توانائی پر منتقل کردیا گیا ہے، ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس کے بھی بارہ وارڈز کو سولر سے بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینٹرل جیل کراچی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
سینٹرل جیل میں بجلی کی طلب 549 کلو واٹ سے زائد ہے، جبکہ سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے تحت 614.8 کلو واٹ شمسی توانائی فراہم کردی گئی ہے۔ اضافی بجلی کے الیکٹرک کے سسٹم میں منتقل کی جائے گی۔
منصوبے پر 21 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ یہ منصوبہ تین سال میں اپنی لاگت نکال لے گا اور صوبائی خزانے کو 25 سال تک سالانہ 6 کروڑ 42 لاکھ 60 ہزار روپے بچت ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اوجھا کیمپس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔
کیمپس کی 27 میں سے 12 عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کردیا گیا ہے۔
سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے تحت ورلڈ بینک کے تعاون سے یہ منصوبہ بنایا گیا ہے۔
منصوبے پر 29 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور 2.32 میگاواٹ شمسی توانائی پیدا کرے گا، یہ منصوبہ ڈھائی سال میں اپنی لاگت نکال لے گا۔