ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا 23 سالہ بیٹا شاہ زیب نقوی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، ان کی نماز جنازہ میں ایم کیو ایم قیادت اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پولیس کے مطابق صبح سویرے کلفٹن انڈر پاس کے قریب گاڑی تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوکر قلابازی کھاتے ہوئے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارنوجوان شاہ زیب جاں بحق اوراس کا دوست الیاس زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی شاہ زیب چلا رہا تھا، گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرائی جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
شاہ زیب ایم کیو ایم پاکستان کی خاتون رکن قومی اسمبلی بیگم رعنا انصار اور مرحوم سینئر صحافی سید انصار علی نقوی کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہ زیب کے اہلخانہ نے قانونی کارروائی سے منع کیا ہے۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی نوجوان کی میت ورثا کے حوالے کردی۔
شاہ زیب نقوی کی میت سہراب گوٹھ کے سرد خانے میں رکھی گئی، جہاں ایم کیو ایم کی قیادت اور کارکنان ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موجود تھے۔
دوسری جانب حادثے کی خبر ملتے ہی رعنا انصار فوری طور پر اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگئیں تاکہ اپنے بیٹے کی آخری رسومات میں شرکت کرسکیں۔
بعدازاں، ایم این اے رعنا انصار کے بیٹے شاہ زیب کا جسد خاکی گھر پہنچا دیا گیا، شاہ زیب نقوی کی نماز جنازہ عسکری فور کی مسجد میں آج بعد نماز عشاء ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رعنا انصار کے بیٹے کی وفات پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے کہا رعنا انصار اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایم این اے رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ رعنا انصار کے جواں سال بیٹے کی اچانک موت کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا ہے۔