پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی دی ہوئی تاریخ بھی گزر گئی مگر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور بحال نہیں ہوسکی ہے۔
کئی شہروں میں اب بھی صارفین کو ڈاؤن لوڈنگ، اپ لوڈنگ، ڈاکومنٹس اور وائس نوٹس بھیجنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آن لائن کاروبار کرنے والے افراد بھی مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔
ملک کے کئی شہروں میں موبائل ڈیٹا پر انٹرنیٹ سروس اب تک مکمل بحالی کی منزل سے دور ہے۔
موبائل ڈیٹا سروس میں خلل سے سوشل میڈیا صارفین کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ ملک بھر میں تقریباً دو ماہ سے انٹرنیٹ سروس گاہے گاہے متاثر ہوتی رہی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا تھا کہ انٹرنیٹ سروس سے متعلق تمام پیچیدگیاں اور خرابیاں 20 اکتوبر تک دور کرلی جائیں گی۔
اس ڈیڈ لائن کے گزر جانے پر بھی انٹرنیٹ سروس پوری طرح بحال نہیں کی جاسکی ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی اے کی طرف سے اب تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔