ملتان: 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق پی ٹی آئی کے ایم این اے زین قریشی کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو پیغام میں اب میڈیا رپورٹس کی تردید کردی جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ذین قریشی 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ کے لیے ایوان میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خلاف جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، میں مکمل طور پر مذمت کرتا ہوں اور اپنے حلقے اور پی ٹی آئی قیادت کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں کبھی سوچ نہیں سکتا کہ آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دوں گا۔
زین قریشی نے کہاکہ اگر کوئی ثابت کردے کہ میں قومی اسمبلی کے قریب سے بھی گزارا تو رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دے کر سیاست چھوڑ دوں گا۔
زیر قریشی نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ انہوں نے یہ ویڈیو کیوں بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے 2 بجے ہیں اور 26 ویں آئینی ترامیم پر ووٹنگ کا عمل شروع نہیں ہوا۔
اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کل کلاں کوئی یہ نہ کہہ دے کہ زین نے ویڈیو ووٹنگ کے بعد بنائی۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ پارٹی پالیسی کا پابند رہا ہوں۔
واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی زین قریشی کچھ دنوں سے منظر عام سے غائب تھے اور ان کی ہمشیرہ مہر بانو قریشی کی جانب سے زین قریشی سے رابطہ نا ہونے اور ان کو اغوا کیے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔