پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں مختلف تربیتی کورسز مکمل کرنے والے کیڈٹس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پی ایم اے سے150 پی ایم اے لانگ کورس 69 انٹیرگریٹڈ اورچوبیسویں لیڈی کیڈٹ کے شرکا پاس آؤٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کا شمار دنیا میں صف اول کی عسکری درسگاہوں میں ہوتا ہے، جہاں آج 150 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آئوٹ کا تاریخی دن تھا۔ پاسنگ آؤٹ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا تھے۔
لانگ کورس کے ساتھ 69انٹیرگریٹڈ ، 36 ویں ٹیکنیکل گریجوایٹ اور چوبیسویں لیڈی کیڈٹ کے شرکا پاس آؤٹ ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عراق, مالدیپ، سری لنکا ،نیپال، فلسطین اور سوڈان جیسے دوست ممالک کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نےکیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے اور پریڈ کامعائنہ بھی کیا۔ پی ایم اے کا سب سے بڑا اعزاز اور ہر کیڈٹ کا خواب سمجھی جانے والی اعزازی شمشیر 150 ویں لانگ کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسرعبد اللہ افضل نے حاصل کی۔
بٹالین سینئر انڈر آفیسر بابر اللہ امان صدارتی گولڈمیڈل کے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوور سیز گولڈ میڈل نیپال کےکیڈٹ نےحاصل کیا۔
آرمی چیف کی اعزازی چھڑی جونیئر انڈر آفیسر محمد عمر شیراز نےحاصل کی، کمانڈانٹ کین 69 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے جونیئر آفیسر محمد سلیمان نے حاصل کی۔
23ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاکیزہ یعقوب بھی کمانڈانٹ کین کی مستحق قرار پائیں۔ ریڈ میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے پر جوش انداز میں ڈرل مہارت کا مظاہرہ کیا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کو دیکھنے کیلئے ملکی و غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔