Aaj Logo

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2024 04:30pm

آئینی ترمیم پر عمران خان سے ملاقات ختم، پی ٹی آئی وفد مولانا کے گھر کیلئے روانہ

اسلام آباد: 26 ویں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے مشاورت کا عمل تیز ہوگیا ہے، آئینی ترمیم پر اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہونے کے بعد پی ٹی آئی کا وفد مولانا فضل الرحمان کے گھر کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔ لیکن اس کے دوراً بعد صدر مملکت مولانا فضل الرحمان کے گھر جا پہنچے۔

پاکستان تحریک انصاف کا وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا تھا اور آئینی ترمیم پر مشاورت کی تھی۔ اس دوران پی ٹی آئی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے شکایت کی تھی کہ انہیں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔

بعدازاں پی ٹی آئی کے پانچ رکنی وفد کو بانی سے ملاقات کی اجازت مل گئی جس میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا، علی ظفر، اسد قیصر اور حامد رضا شامل تھے، پی ٹی آئی کا وفد اڈیالا جیل پہنچا اور عمران خان سے آئینی ترمیم پر تفصیل سے مشاورت کی اور پھر مولانا فضل الرحمان کے گھر کی طرف روانہ ہوگیا۔

اس دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ کر میڈیا سے تفصیلی بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوگئی ہے ، مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر جارہے ہیں وہاں پر بات کرینگے۔

پی ٹی آئی وفد کے بعد صدرمملکت کی فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد متوقع ہے۔ صدرمملکت کا پروٹوکول مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچ گیا۔ اس دوران فضل الرحمان کی رہائشگاہ کے باہر سیکورٹی سخت کردی گئی۔ فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر محسن نقوی اوراسحاق ڈار پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا گھرسیاسی رابطوں اور سرگرمیوں کامرکز بن گیا۔ سیاسی صورتحال سمیت مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد سے پہلے پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مشاورت کی۔

بعدازاں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے جہاں ان کی ملاقات بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کےسربراہ اختر مینگل سے بھی ہوئی۔

بلاول بھٹو کے ہمراہ نوید قمر، مرتضیٰ وہاب اور شیری رحمان تھیں جبکہ پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹرگوہر،سلیمان اکرم راجہ اوراسد قیصر سمیت دیگر شامل تھے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا بھی وفد کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے کہ آئینی ترمیم کے معاملے میں سیاسی ہلچل مچی ہوئی ہے۔ اس سے قبل شہباز شریف بغیر پروٹوکول کے مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے تھے لیکن مذاکرات ناکام ہوئے اور اس کے بعد مولانا کا سخت ردعمل بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے سنجیدہ رویہ اختیار نہیں کیا تو مشاورت کا عمل روک دیں گے۔

آئینی ترمیم: وفاقی کابینہ کا اجلاس دومرتبہ تاخیر کا شکار

آئینی مسودہ تیار ہے، کابینہ سے منظوری کے بعد سینیٹ میں پیش ہوگا، عرفان صدیقی

https://www.aaj.tv/news/30417579/

Read Comments