بھارتی اداکارہ پرینکا چوپڑا کے شوہر نِک جونس چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں ایک کنسرٹ کے دوران لیزر لائٹ سے نشانہ لیے جانے پر اسٹیج سے اترے اور وینیو سے باہر چلے گئے۔ نک جونس نے اس واقعے پر اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
حال ہی میں پراگ میں کنسرٹ کے دوران جب لیزر لائٹ پڑی تو نک جونس نے اپنی سیکیورٹی ٹیم کو مطلع کیا اور کنسرٹ تھوڑی دیر کے لیے روک دیا گیا۔ نک کے ساتھ اسٹیج پر بھائی کیون اور جو بھی موجود تھے۔ وہ دونوں اسٹیج ہی پر رہے۔ سیکیورٹی ٹیم نے لیزر لائٹ سے نک جونس کو نشانہ بنانے والے کو فوراً شناخت کرلیا اور ہال سے باہر لے گئے۔
اس واقعے کی ویڈیو بہت سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی۔ مداحوں نے ویڈیو تیزی سے شیئر کی اور اس حوالے سے تشویش کا اظہار بھی کیا۔ مداحوں نے اس بات پر سکون کا سانس لیا کہ نک جونس اور اُن کے بھائی محفوظ رہے۔